کناٹکا :بھارتی ریاست کرناٹکا میں مشہور رئیلٹی شو ’’بگ باس کناڈا سیزن 12‘‘ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث اچانک بند کر دیا گیا ہے۔ کرناٹکا اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے شو کے اسٹوڈیو کو سیل کر دیا گیا اور انتظامیہ کو حکم دیا گیا کہ تمام شرکا فوری طور پر گھر خالی کریں۔
پولوشن کنٹرول بورڈ کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ شو کے اسٹوڈیو نے ضروری ماحولیاتی اجازت نامے حاصل کیے بغیر آپریشن جاری رکھا تھا۔ اس دوران گندے پانی کو بغیر تصفیے کے باہر چھوڑا جا رہا تھا، سیوریج پلانٹ بند تھا، اور مسلسل چلنے والے ڈیزل جنریٹرز سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا۔
کرناٹکا کے وزیر ماحولیات نے بتایا کہ انتظامیہ کو کئی بار قانونی نوٹس دیے گئے لیکن ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، جس کے بعد سخت کارروائی ناگزیر ہو گئی۔
شو کا سیٹ، جو اداکار کچا سدیپ کے وژن سے تیار کیا گیا تھا، تقریباً پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا تھا اور اسے اب تک کے سب سے شاندار سیزنز میں شمار کیا جا رہا تھا۔ تاہم اس اچانک بندش نے شو کے مداحوں کو مایوس کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بنی ہے۔
اب منتظمین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں تاکہ شو کو دوبارہ شروع کیا جا سکے۔




