اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر برائے پبلک سکیورٹی نے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات اور سکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں جانب سے پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کو وسعت دینے اور جدید ٹیکنالوجی و سکیورٹی آلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سکیورٹی اداروں کے درمیان باہمی روابط، تربیت اور تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات ہیں، جنہیں سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔




