کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا ہے اور دشمن اس شکست کو کبھی نہیں بھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے میں خارجی عناصر ملوث ہیں۔
بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور دانش اسکولوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کو حکومت قومی ترقی سمجھتی ہے اور صوبے کے عوام کو ترقی کے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، حکومت صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب این ایف سی ایوارڈ میں اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو دے رہا ہے اور چاروں صوبوں کو ترقی کا مساوی حق حاصل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے فتنہ الہندوستان اور دیگر دشمن عناصر سرگرم ہیں، تاہم پاک فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کا سر کچلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں پانچ دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور جنوبی بلوچستان میں بھی تعلیمی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔




