پاکستان
Trending

وزیرِ اعظم کا حکم: ہائی آکٹین پر لیوی 300 روپے مقرر، معاشی بوجھ اشرافیہ کی طرف منتقل

 

اسلام آباد : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے صاحبِ ثروت طبقے سے قومی معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ہائی آکٹین فیول (High Octane) پر پیٹرولیم لیوی میں 200 روپے فی لیٹر اضافے کا حکم دے دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت لیوی کی شرح 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ویڈیو لنک اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے دوٹوک ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لگژری اور مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن پر لیوی بڑھائی جائے تاکہ ملکی وسائل کا بوجھ وہ طبقہ اٹھائے جو اس کی سکت رکھتا ہے۔ اس اقدام سے حکومت کو ماہانہ تقریباً 9 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، جس کا مقصد معیشت پر دباؤ کم کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے حکم دیا کہ اس بچت سے حاصل ہونے والے وسائل کو صرف اور صرف عام آدمی کی فلاح و بہبود اور عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، وزیرِ اعظم کے اس فیصلے میں عام آدمی کے مفاد کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے عام پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں اور ہوائی جہازوں کے ایندھن کو اس اضافے سے باہر رکھا گیا ہے تاکہ مہنگائی کی لہر پیدا نہ ہو۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ وزیرِ اعظم نے پہلے ہی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارتِ پیٹرولیم کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر آج باقاعدہ عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button