بیجنگ : چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں یومِ پاکستان روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں سفارت خانے کے افسران، بیجنگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کے چہروں پر موجود مسرت اور فخر دیدنی تھا۔تقریب کے دوران صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں اتحاد، تنظیم اور ایمان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا عزم دہرایا گیا۔
سفارت خانے میں منعقدہ اس تقریب نے بیجنگ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے "چھوٹے پاکستان” کا منظر پیش کیا۔پاکستانی بچوں نے قومی لباس زیب تن کر رکھے تھے اور ہاتھ میں چھوٹے چھوٹے پرچم تھامے ملی نغمے گنگناتے رہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، معاشی استحکام اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
بیجنگ میں ہونے والی اس تقریب نے نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک لڑی میں پرو دیا بلکہ پاک چین دوستی کے لافانی رشتے کو بھی ایک نئی جلا بخشی۔ تقریب کے بعد شرکاء کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔




