کراچی: شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے کے لیے فضائی ای چالان نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے صدر کے مختلف علاقوں میں ڈرون کے ذریعے خفیہ نگرانی کا آغاز کیا ہے۔
پہلی کارروائی میں زیب النساء اسٹریٹ پر دو گاڑیوں کو پکڑا گیا اور مالکان پر 10,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق جرمانہ 14 دن کے اندر ادا کرنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ ڈرون کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیم گشت کرے گی اور جان بوجھ کر غلط پارکنگ کرنے والوں کو فوری ای چالان جاری کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینا اور شہر میں ٹریفک بہاؤ اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق، ڈرون نگرانی سے شہری قانون کی خلاف ورزی سے پہلے خبردار ہوں گے اور فوری کارروائی ممکن ہوگی، جس سے شہر میں ٹریفک کے نظم و ضبط میں واضح بہتری آئے گی۔




