اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا سیاسی معاملات میں مداخلت کرنا ثابت ہو چکا ہے، اور جو سیاستدان ان کے ساتھ شامل تھے، ان کے خلاف بھی فوجی عدالت میں کارروائی ہونی چاہیے۔
رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فیض حمید نے اپنی عسکری اور سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کیا اور متعدد اہم معاملات میں مداخلت کرتے رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف موجود مقدمات میں بھی فیض حمید براہِ راست ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ سزا پر خوشی کا اظہار نہیں کر رہے کیونکہ فوج ایک اہم ادارہ ہے، تاہم یہ فیصلہ احتساب کے مضبوط نظام کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ فوج میں ڈسپلن اور احتساب کا نظام بہت مضبوط ہے، اور فیض حمید اکیلے یہ سرگرمیاں انجام نہیں دے سکتے تھے۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کی قیادت اور دیگر سیاستدان بھی ان کارروائیوں میں شامل تھے، اور ان کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں فیض حمید کے مبینہ کردار کی اطلاعات کافی عرصے سے موجود تھیں، اور جو لوگ ان کے ساتھ ملوث تھے، ان کا ٹرائل بھی فوجی عدالت میں ممکن ہے تاکہ حقائق سامنے آئیں اور احتساب کا عمل مکمل ہو۔




