امریکہ کی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ میں آنے والے 18 ہزار افغان شہریوں میں سے تقریباً 2 ہزار کے دہشت گرد تنظیموں سے براہ راست یا ممکنہ روابط ہیں۔ گبارڈ نے کہا کہ بائیڈن دور میں آنے والے افغان پناہ گزینوں کی مناسب جانچ نہیں کی گئی، جس کے باعث سلامتی کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
تلسی گبارڈ کے مطابق ہر افغان شہری کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمی کو روکا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں امریکی سرزمین پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور نئے افراد کی بھرتی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مذہبی بنیاد پر دہشت گردی امریکہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور اس کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔




