سڈنی: آسٹریلیا کی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ بانڈی بیچ پارک میں ہونے والی فائرنگ سے قبل حملہ آوروں نے ہجوم پر گھریلو ساختہ بم پھینکنے کی کوشش کی تھی، تاہم یہ بم ناکام ہو گیا۔
واقعے میں 15 افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ساجد اکرم مارا گیا، اور اس کے بیٹے نوید اکرم پر قتل، دہشت گردی اور دیگر 59 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق دونوں ملزمان نے کئی ماہ قبل حملے کی منصوبہ بندی کی تھی اور واردات سے دو روز قبل پارک کی ریکی بھی کی گئی۔ پولیس نے کرائے کے مکان سے بم بنانے کا سامان اور تھری ڈی پرنٹ شدہ اسلحے کے پرزے بھی برآمد کیے۔
نیو ساؤتھ ویلز کی پارلیمان نے ہنگامی اجلاس بلایا ہے، جہاں اسلحہ قوانین، دہشت گردی سے متعلق پابندیوں اور عوامی اجتماعات کے ضوابط پر غور جاری ہے۔




