پاکستان

بانی پی ٹی آئی کو 22 گھنٹے سیل میں بند رکھا جا رہا ہے، علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے قانونی اور انسانی حقوق کو بری طرح پامال کیا جا رہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ آج کیس کی سماعت جیل کے اندر ہوئی، لیکن صرف دو وکلا کو اندر جانے کی اجازت دی گئی، جبکہ اہلِ خانہ کو کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ 22 گھنٹے تک تنہا سیل میں بند رکھا جاتا ہے اور ان کی بنیادی سہولیات جیسے اخبار، کتابیں اور ٹی وی تک محدود کر دی گئی ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے وکیل کو بتایا کہ آج صرف ایک کتاب فراہم کی گئی ہے، اور مجموعی طور پر ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے بیٹوں سلیمان اور قاسم سے متعلق کہا کہ وہ ان کے بیٹے ہیں، اور اگر وہ والد کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔
علیمہ خان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیاسی تحریک کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔
انہوں نے اس صورتحال کو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button