کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کو مکمل طور پر حکومتی فیصلے سے مشروط کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ بورڈ نے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر اپنی تمام تر متبادل حکمتِ عملیاں مکمل کر لی ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی اپنی طرف سے کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا”ہمیں حکومت کے فیصلے کا انتظار ہے اور اسی کے مطابق عمل کریں گے۔ تاہم، پی سی بی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پلان اے، بی اور سی تیار کر رکھے ہیں۔”
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بھی اہم بیان دیا، ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ کا ایک بڑا اسٹیک ہولڈر ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی کرکٹ میں تمام ممبران کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہیے۔
کل وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے حتمی موقف کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر کھلاڑیوں نے بورڈ کے اصولی موقف کی بھرپور حمایت کی اور ہر فیصلے میں ساتھ کھڑے رہنے کا یقین دلایا۔




