اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سے امریکی سفارتخانے کے مشیر ٹیری اسٹیئرز نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی استحکام پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اس موقع پر امریکی سفارتی مشیر ٹیری اسٹیئرز نے خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مثبت کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کے تنازع کے بجائے ہمیشہ امن اور استحکام کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا مل بیٹھنا ضروری ہے، اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔




