اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اب روایتی معیشت سے نکل کر ڈیجیٹل معیشت کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ’انڈس اے آئی ویک‘ کو ملک کے ٹیکنالوجیکل منظر نامے کی تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا، جس کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد اور مضبوط ڈیجیٹل پارٹنر بن کر ابھرے گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں انسانی وسائل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد نوجوان آبادی آئی ٹی کے شعبے میں ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لاہور میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی اور سیف سٹی منصوبے کی بنیاد رکھ کر ہم نے جدید پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ ای اسٹامپنگ اور زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف شفافیت آئی بلکہ قومی محصولات میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تقریب میں موجود وفاقی وزراء نے بھی حکومت کے مستقبل کے پلان پر روشنی ڈالی۔وفاقی وزیرشزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان اب رکنے والا نہیں، ہم عزم کے ساتھ ڈیجیٹل انقلاب کی طرف بڑھ رہے ہیں اور تمام عوامی خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں سے ’ترقی کا معرکہ‘ سر کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں سائنس اور آئی ٹی کے شعبوں میں ہونے والا کام جلد معاشی ثمرات کی صورت میں سامنے آئے گا۔
انڈس اے آئی ویک‘ کا انعقاد اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ریاست اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو قومی ترقی کا لازمی جزو تسلیم کر چکی ہے۔




