پاکستان
Trending

پاک بھارت میچ کا مستقبل بنگلہ دیشی مطالبات سے مشروط، آئی سی سی نے ‘تلافی فارمولہ’ تیار کرلیا

 

لاہور : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹکراؤ کو یقینی بنانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سر توڑ کوششیں شروع کر دی ہیں۔ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کی اندرونی کہانی بتاتی ہے کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ کھیلنے کے لیے آمادہ کرنے کا راستہ اب ڈھاکہ سے ہو کر گزرے گا۔
ذرائع کے مطابق، مذاکرات میں یہ نکتہ سامنے آیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (BCB) کو راضی کر لیا جائے تو پاکستان بھی لچک دکھانے کو تیار ہے۔ بنگلہ دیش نے آئی سی سی کے سامنے سخت شرائط رکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئی سی سی کے مجموعی ریونیو شیئر میں بنگلہ دیش کا حصہ فوری بڑھایا جائے۔
بھارتی ٹیم کی ضمانت: آئی سی سی اس بات کی گارنٹی دے کہ بھارتی ٹیم ستمبر میں بنگلہ دیش کا طے شدہ دورہ نہیں چھوڑے گی۔ 2031 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز کی میزبانی بھارت کے بجائے بنگلہ دیش کو دی جائے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اس حساس معاملے پر کوئی بھی حتمی فیصلہ اکیلے نہیں کر سکتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور آئی سی سی کی جانب سے دی گئی تجاویز اور بھارت سے کھیلنے کی درخواست پر حکومتِ پاکستان کا حتمی موقف حاصل کریں گے۔
آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ آج کونسل کی بیوروکریسی کے ساتھ مل کر بنگلہ دیشی مطالبات کا جائزہ لیں گے۔ توقع ہے کہ آج ہی پی سی بی کو آئی سی سی کی جانب سے جواب دے دیا جائے گا، جس کے بعد اگلے 24 گھنٹے میں پاک بھارت کرکٹ تعلقات کے حوالے سے کوئی بڑا بریک تھرو متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button