واشنگٹن:امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے دوران مسلم امیدوار مختلف سیاسی نشستوں پر اپنی نمائندگی بڑھانے کے لیے میدان میں ہیں۔ ملک کی 23 ریاستوں میں کم از کم 51 مسلمان امیدوار کانگریس، ریاستی اسمبلیوں اور دیگر عوامی عہدوں کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
مشی گن کی سینیٹ نشست پر ڈیموکریٹک امیدوار عبدالالسید اور ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کے درمیان مقابلہ خصوصی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ عبدالالسید کامیاب ہوئے تو امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان سینیٹر بن جائیں گے۔
دوسری جانب ایوانِ نمائندگان میں فلسطینی نژاد راشدہ طلیب اور صومالی نژاد الہان عمر بھی اپنی نشستوں کے لیے انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ نیو جرسی سے مصری نژاد ڈاکٹر آدم حموی بھی کانگریس کی نشست کے امیدوار ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، صحت کی سہولتوں، غزہ کی صورتحال اور مسلم و عرب کمیونٹی کو درپیش امتیازی رویوں کے معاملات نمایاں رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان انتخابات کے نتائج امریکا میں مسلم اور عرب امریکیوں کی سیاسی نمائندگی اور انتخابی عمل میں ان کی شرکت کے رجحانات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔




