کراچی : پاکستان کے مالیاتی شعبے سے اچھی خبر آئی ہے جہاں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل بہتری کا سلسلہ دیکھا جا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری یا آمدن ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد یہ ذخائر 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ صرف سٹیٹ بینک بلکہ کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی 2 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس سے کمرشل بینکوں کے پاس موجود فنڈز کا حجم 5 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔اس ہفتہ وار اضافے کے نتیجے میں پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کی مجموعی نمو (گروتھ) ہوئی ہے، جو درآمدات کی ادائیگیوں اور ملکی کرنسی کے استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگی۔




