راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دشمن کی پراکسیز کو ملکی سلامتی اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش میں ناکام بنایا جائے گا۔
نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگیں سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی دشمن ایجنسیوں کی سرگرمیوں سے مکمل آگاہ ہیں اور قومی دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے جنگی اور سکیورٹی ماحول میں ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ پاک افواج جنگ کی نئی نوعیت کے مطابق اپنی حکمت عملی، تربیت اور آپریشنل صلاحیتوں کو مسلسل جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور مکمل آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گریجویٹنگ افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بنیادی اصول بنائیں۔




