اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان اطلاعاتی تعاون کے فروغ کے لیے چائنہ پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے لوگو کی باضابطہ رونمائی کر دی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ، چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان میں موٹرویز کی تعمیر اور گوادر کو عالمی تجارت کے لیے گیٹ وے بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نے دونوں ممالک کو زمینی رابطوں کے ذریعے قریب کیا، جبکہ انفارمیشن کوریڈور عوام کے درمیان فکری اور اطلاعاتی روابط مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انفارمیشن کوریڈور کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ابلاغی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں چائنہ پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا قیام اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لا رہا ہے۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اطلاعاتی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، عوامی روابط اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔




