اسلام آباد: او آئی سی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، کانفرنس کے تکنیکی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہیں جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس کل منعقد ہوگا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔ اجلاس میں خواتین کے کردار، ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران خواتین کو درپیش چیلنجز، ان کے حل اور معاشرے میں خواتین کی مؤثر شمولیت کے معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین کی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں خواتین کی ترقی اور فلاح کے حوالے سے مشترکہ سفارشات شامل ہوں گی۔




