بشکیک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے صدر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امور، عالمی صورتحال اور تنظیم کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او وزرائے خارجہ نے کرغز صدر سے مشترکہ ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کرغز صدر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
نائب وزیراعظم نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنے پر وانگ یی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں تعاون بڑھانے اور باہمی روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔




