اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور برطانوی پارلیمنٹ کے رکن لارڈ عامر سرفراز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے علاقائی امن، استحکام اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بعد ازاں لارڈ عامر سرفراز سے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کے حالات اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقاتوں میں پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔




