پشاور: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں شریک خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ نے تاریخی بالاحصار قلعہ پشاور کا دورہ کیا۔
طلبہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دورے کے دوران انہیں قلعہ بالاحصار کی تاریخی اہمیت، ثقافتی ورثے اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
طلبہ نے تاریخی میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں خطے کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر انہیں قیامِ امن اور خطے کی ترقی کے لیے فرنٹیئر کور کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
طلبہ و طالبات نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ سے ملاقات کی، جنہوں نے ان کے سوالات کے جوابات دیے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔
طلبہ نے دورے کو انتہائی مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کا شکریہ ادا کیا۔




