نیویارک : ٹینس کی عالمی نمبر ون کھلاڑی آریانا سبالینکا کو میچ کے دوران اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں موجود کسی شخص کے چرس پینے کے باعث تیز بو ٹینس کورٹ تک پہنچ گئی۔
بیلاروس کی ٹینس اسٹار ازبکستان کی کمیلا رحیمووا کے خلاف تیسرے راؤنڈ کا میچ کھیل رہی تھیں۔ میچ کے آغاز میں 3-0 کی برتری حاصل کرنے کے بعد سبالینکا اپنی سروس کر رہی تھیں کہ انہیں اچانک کورٹ کے قریب چرس کی بو محسوس ہوئی۔
سبالینکا نے فوری طور پر میچ امپائر ایوا اسڈیراکی مور کو صورتحال سے آگاہ کیا اور مسکراتے ہوئے کہا کہ کورٹ کے قریب پھیلی تیز بو کے باعث کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہورہا ہے۔
میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سبالینکا نے کہا کہ انہیں لوگوں کے تفریح کرنے یا سکون حاصل کرنے پر اعتراض نہیں، تاہم ٹینس کورٹ کے بالکل قریب ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز ہوا کے باعث بو کورٹ تک پہنچ رہی تھی، جس سے کھلاڑی کے لیے میچ کے دوران مکمل توجہ برقرار رکھنا دشوار ہوجاتا ہے۔




