کراچی: سندھ اسمبلی نے اپوزیشن کے احتجاج کے دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 کثرتِ رائے سے منظور کرلیا۔ بل کی منظوری کے وقت اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان میں نعرے بازی کی۔
ترمیمی قانون کے تحت بلدیاتی کونسل کی مدت مکمل ہونے کے بعد میئر ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات سنبھال سکے گا۔ نئے منتخب میئر یا چیئرمین کے عہدہ سنبھالنے تک سبکدوش بلدیاتی نمائندے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔
ترمیمی بل میں ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین کو کونسل کا کنوینر مقرر کرنے کی شق بھی شامل ہے، جو کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کرے گا۔
حکومتی ارکان نے بل کی منظوری کو بلدیاتی نظام کے تسلسل کے لیے اہم قرار دیا، جبکہ اپوزیشن نے ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔




