کراچی:سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آج بھی ایوان میں اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھا اور بات سنے بغیر شور شرابہ کرکے چلی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کو معلوم تھا کہ عوام میں اس کی کوئی مقبولیت نہیں، اسی لیے وہ بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایم کیو ایم کی کارکردگی صفر ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں اپنی ہی جماعت کے رہنما خالد مقبول صدیقی کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ قرار دیتے رہے ہیں، جبکہ آج دونوں ایک ساتھ وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ اگر دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف دیے گئے بیانات غلط تھے تو انہیں اس پر معافی مانگنی چاہیے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، تاہم ایوان میں بات سنے بغیر احتجاج اور واک آؤٹ مناسب طرزِ عمل نہیں۔




