دوحہ: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے اور انسانیت کے خلاف اپنے جرائم میں ہر حد عبور کر چکا ہے۔ امیر قطر نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ اسرائیل کے حالیہ حملے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کھلا حملہ ہیں۔
شیخ تمیم کا کہنا تھا کہ "دوحہ پر حملہ اسرائیل کی کھلی جارحیت تھی، جو ناقابل برداشت ہے۔ قطر نے ہمیشہ ثالثی کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوشش کی، لیکن اسرائیل نے نہ صرف مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا بلکہ حماس کی قیادت کو نشانہ بنا کر امن کی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔”
انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں اور فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑے اور اجتماعی مؤقف کے ساتھ آگے بڑھے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، مصر اور تاجکستان کے صدور بھی شریک ہوئے۔




