لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت عرصے بعد یہاں آکر خوشی ہوئی، جہاں انہوں نے ریلوے میں عام مسافروں کے لیے شاندار سہولیات اور جدید تبدیلیاں دیکھی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش عام آدمی کے مفاد میں کی گئی ہے اور اب ٹکٹنگ کا پرانا نظام ختم کرکے جدید ڈیجیٹائزڈ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد کے لیے بزنس کلاس، کچن اور ڈائننگ ہال کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بزنس ایکسپریس کو یورپی ریلوے کی طرز پر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے ریلوے کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے۔
وزیراعظم نے ریلوے کو ملکی پبلک ٹرانسپورٹ کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے نظام کو دنیا کے اعلیٰ ترین نظاموں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ریلوے کی بہتری کی ذمہ داری وزیر ریلوے حنیف عباسی کو سونپی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان کا خواب ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی ٹرینوں کو بھی اسی معیار پر چلایا جائے۔
انہوں نے پاک بھارت جنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہادری اور تینوں مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، جس سے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، جبکہ چین کے ساتھ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔




