اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری ایکٹ 1915 میں ترامیم کی منظوری وفاقی کابینہ سے حاصل کر لی گئی ہے، جس کے بعد ایک نیا آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، مجوزہ ترامیم کے بعد اس فورس کا نیا نام فیڈرل کانسٹیبلری ہوگا، جسے چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں کارروائیوں کا اختیار حاصل ہوگا۔
آئندہ چند ماہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کے لیے ملک گیر سطح پر بھرتیاں کی جائیں گی اور اس کے دفاتر ملک بھر میں قائم کیے جائیں گے۔ نئے تنظیمی فریم ورک کے مطابق، اس فورس کی کمان پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے سپرد ہو گی۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام داخلی سلامتی، امن و امان، اور بین الصوبائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس فورس کی تشکیل سے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہم آہنگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مزید یہ کہ نئی فیڈرل کانسٹیبلری دہشتگردی، پرتشدد احتجاج، اور دیگر داخلی خطرات سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔




