لاہور:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وراثت، خاندانوں اور وصیت کی بنیاد پر چلنے والی سیاست کسی بڑے انقلاب کا سبب نہیں بن سکتی۔ لاہور میں اجتماعِ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسا نظام درکار ہے جو جاگیردارانہ سیاست سے آزاد ہو اور اللہ کی مرضی کے مطابق چلے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی منظم جدوجہد کے ذریعے عوام میں سیاسی شعور پیدا کرے گی اور ہر گلی، ہر محلے تک اپنا پیغام پہنچائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی ایک مڈل کلاس جماعت ہے جس میں قیادت اور کارکن کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کے اندر غریب، امیر، مزدور اور کسان سب نمائندگی رکھتے ہیں، جبکہ حقیقی جمہوریت اسی جماعت میں برقرار ہے۔ نوجوان تبدیلی چاہتے ہیں اور ان کی امیدیں باوقار سیاسی رویے سے ہی پوری ہو سکتی ہیں۔
خطاب کے اختتام پر حافظ نعیم نے تمام سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ اختلاف کو دشمنی نہ بنائیں اور ملک میں حقیقی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔




