پاکستان
Trending

ہڑتال کی نئی کال کشمیر کاز اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے؛ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام معاشی و انتظامی مطالبات سو فیصد پورے کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد اب دوبارہ ہڑتال کی کال دینا محض آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور حالات بگاڑنے کی کوشش ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران تمام حکومتی اقدامات کے اعداد و شمار سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت آزاد کشمیر کے عوام کو 3 روپے فی یونٹ بجلی اور آٹے پر بھاری سبسیڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ گزشتہ احتجاج کے تمام برطرف ملازمین کو بحال، مقدمات کو ختم اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ و ملازمتیں دی جا چکی ہیں، جبکہ محکموں کی تعداد 35 سے کم کر کے 22 کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایکشن کمیٹی اب مہاجرین کی آئینی نشستیں ختم کرنے کا غیر قانونی مطالبہ کر رہی ہے، جو عدالت اور قانون سازی کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ حکومت نے انہیں ہڑتال 10 روز مؤخر کرنے کی درخواست اور آئینی آپشنز دیے مگر وہ ہٹ دھرمی پر بضد رہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کی محبت میں فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مطالبات مانے، لیکن ڈنڈے اور پستول کے زور پر مطالبات نہیں منوائے جا سکتے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی جنرل بخشی کی طرف سے اس ایکشن کمیٹی کی حمایت کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ مہاجرین کے خلاف نفرت پھیلانے اور ملک میں افراتفری پیدا کرنے کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر کا بیانیہ کام کر رہا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button