راولپنڈی : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گرد نیٹ ورک کے اہم مراکز کو نشانہ بنایا گیا اور متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔
عطاء تارڑ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈر، علیم خان خوشحالی اور اختر محمد بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر دہشت گرد سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں ملوث تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے چار اہم مراکز، جن میں تربیتی کیمپ، پناہ گاہیں اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر شامل تھے، کامیابی سے تباہ کر دیے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





