لاہور :لاہور کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کر لی، اور تحقیقاتی اداروں کو 30 اگست تک ان کی گرفتاری سے روک دیا۔
عروب جتوئی کے خلاف آن لائن جوا اور بیٹنگ ایپلی کیشنز کی تشہیر سے متعلق کیس میں تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے طلبی نوٹس کے بعد عدالت سے رجوع کیا تھا۔
ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی مؤکلہ گرفتاری کے خوف کے باوجود تفتیش میں شامل ہونے کو تیار ہیں، تاہم انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کیا۔
عروب جتوئی 20 اگست کو این سی سی آئی اے کے لاہور دفتر میں پیش ہوئیں، جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔




