اسلام آباد: پاکستان میں تیل کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں اور نئی دریافتیں وقت کی سب سے بڑی ضرورت بن چکی ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مطابق ملک میں کل دریافت شدہ تیل کے ذخائر 1,234 ملین بیرل ہیں، جن میں سے تقریباً 80 فیصد یعنی 985 ملین بیرل تیل استعمال ہو چکا ہے۔
کے پی میں 94.24 ملین بیرل، سندھ 78.98 ملین بیرل، پنجاب74.23 ملین بیرل اور بلوچستان میں صرف 1.6 ملین بیرل ذخائر باقی ہیں۔ ملک کی موجودہ پیداوار 60 ہزار بیرل یومیہ ہے، جسے نئی دریافتوں کے ذریعے بڑھایا جا سکتا ہے۔
امریکی توانائی ادارے کے مطابق پاکستان میں 9.1 بلین بیرل قابل حصول شیل آئل کے غیر استعمال شدہ ذخائر موجود ہیں۔ توانائی کی طلب 2030 تک 2.23 بلین بیرل سے بڑھ کر 3.35 بلین بیرل تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان نے بین الاقوامی ایکسپلوریشن کمپنیوں سے رابطے بڑھا دیے ہیں تاکہ توانائی کی خودکفالت کے لیے تیل کی نئی تلاش کو تیز کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی دریافتیں ملکی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔




