لاہور: آج 15 ستمبر کو دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد جمہوری نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عوام میں جمہوری اقدار کے فروغ کا شعور بیدار کرنا ہے۔ اقوام متحدہ اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری ادارے اس موقع پر مختلف تقریبات، کانفرنسز اور مباحثے منعقد کرتے ہیں تاکہ جمہوری حقوق اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دیا جا سکے۔
جمہوریت کا عالمی دن پہلی بار 2008 میں منایا گیا تھا اور تب سے ہر سال اس دن کو مختلف تقریبات کے ذریعے جمہوری نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ اس دن کا پیغام یہ ہوتا ہے کہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف ہونے چاہئیں تاکہ ہر فرد کی رائے کو برابر اہمیت دی جا سکے۔
بین پارلیمانی یونین کے مطابق، جمہوریت میں نہ صرف عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے بلکہ انہیں اپنے حقوق کے تحفظ اور آزادی اظہار کی ضمانت بھی دی جاتی ہے۔ اس موقع پر ماہرین کا کہنا ہے کہ جمہوریت عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور اس کی مضبوطی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔




