کیلیفورنیا: انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے کراؤڈ سورسڈ فیکٹ چیکنگ پروگرام "کمیونٹی نوٹس” میں چند نئی خصوصیات متعارف کرا دی ہیں۔ یہ فیچر اس سال کے آغاز میں امریکہ میں شروع کیا گیا تھا اور اب اسے مزید بہتر بنا دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ مؤثر انداز میں غلط معلومات سے بچایا جا سکے۔
اب صارفین فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز پر اپنی پوسٹ پر کمیونٹی نوٹس کا نوٹیفکیشن حاصل کر سکیں گے اور ساتھ ہی یہ بھی فیڈبیک دے سکیں گے کہ پوسٹ پر لگا نوٹس مددگار ہے یا نہیں۔ یہ خصوصیت فی الحال محدود صارفین کے لیے آزمایشی بنیادوں پر دستیاب ہے۔
میٹا کے چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر کے مطابق اب تک تقریباً 70 ہزار کنٹری بیوٹرز نے 15 ہزار نوٹس لکھے ہیں، تاہم صرف 6 فیصد نوٹس ہی شائع ہوئے ہیں، جو کہ امریکہ جیسی بڑی مارکیٹ کے لیے کم شمار کیے جاتے ہیں۔
یہ نظام فیس بک پر ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے 2021 میں متعارف کردہ نوٹس سسٹم سے مشابہت رکھتا ہے، مگر ایکس کے سسٹم پر تنقید بھی کی گئی ہے کہ وہ بروقت اور مؤثر انداز میں غلط معلومات کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔
میٹا کے موجودہ نظام کا انحصار اس بات پر ہے کہ مختلف نظریات رکھنے والے صارفین کسی موضوع پر اتفاق کریں، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسا اتفاق ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا اور غلط معلومات اکثر صحیح معلومات سے پہلے ہی وائرل ہو جاتی ہیں۔
ادھر، میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پرانے فیکٹ چیکنگ پروگرام کو ختم کر رہا ہے اور اس کی جگہ کمیونٹی نوٹس کو لے گا، مگر متعدد ادارے پرانے فیکٹ چیکنگ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے خواہشمند ہیں۔




