اسلام آباد : عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں ملک میں جمہوری اداروں، اصولوں اور اقدار کے تحفظ اور فروغ کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے جمہوریت کو صرف ایک نظام نہیں بلکہ ایک نظریہ قرار دیا جو شہریوں کو آزادی اظہار، انصاف اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کو پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کے تحت ہر شہری کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ صدر نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو بھی جمہوریت کی بحالی میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر اصلاحات لانے اور تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور نظام میں ان کی شمولیت کا نام ہے۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کو جمہوری نظام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آئین شہریوں کے بنیادی حقوق، برابری، خواتین اور اقلیتوں کی مکمل شمولیت اور آزادی کو تحفظ دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ جمہوری اصولوں کی پیروی سے ممکن ہے اور پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کے جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عوام، اداروں اور حکومت کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جمہوری روایات کے تحفظ اور ایک ترقی یافتہ، باوقار پاکستان کے قیام کے لیے مسلسل کام کریں گے۔




