راولپنڈی :فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف کی زیر صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں اعلیٰ فوجی قیادت نے ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی، جاری آپریشنز، اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس کے آغاز میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
فوجی قیادت نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان دشمن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں، اور قومی خودمختاری، امن و استحکام کے دفاع کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کور کمانڈرز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک کے طول و عرض میں دہشت گردی کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہیں گے، اور عوام کی حمایت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔




