”
عالمی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی تازہ تجزیاتی رپورٹ میں پاکستان کی عسکری اور سفارتی حکمت عملی کی عالمی سطح پر پذیرائی کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومتی اور عسکری قیادت کی مثبت کاوشوں نے ملک کی بین الاقوامی ساکھ میں اضافہ کیا ہے اور خطے میں اس کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔
تجزیہ کار نے رپورٹ میں واضح کیا کہ بھارت کی طرف سے پہلگام واقعے کے ذریعے پاکستان کو تنہا کرنے کی مہم ناکام رہی۔ سی این این نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے قریبی اور اسٹریٹجک تعلقات کو بھی تسلیم کیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پالیسی میں نمایاں تبدیلی کی، جہاں پہلے وہ بھارتی وزیراعظم کے قریب سمجھے جاتے تھے، اب ان کا جھکاؤ پاکستان کی عسکری قیادت، خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب ہے۔
مصر میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اپنا "پسندیدہ فیلڈ مارشل” قرار دیا، جسے پاکستانی عسکری قیادت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ساکھ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




