اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس، جسٹس امین الدین خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ اس اہم موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر اعلیٰ حکام اور سیاسی شخصیات بھی موجود تھے۔
جسٹس امین الدین خان اس سے قبل آئینی بنچ کے سربراہ تھے اور 30 نومبر کو ریٹائر ہونے والے تھے۔ ان کی تقرری وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کی، جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
آئینی عدالت کے 6 ججز کی تقرری بھی متوقع ہے، جن کے حلف برداری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئینی عدالت کے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہیں۔




