پاکستان
Trending

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار سرکاری استقبال

 

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا۔ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای کے صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔

نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر شیخ محمد بن زاید کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران یو اے ای کے صدر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اماراتی صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور خطے و عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یو اے ای کے صدر کے دورے کے باعث اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور دیگر عدالتیں بند رہیں گی، تاہم اسپتال، بینک اور دیگر ضروری سروسز معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button