پاکستان
Trending

سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات تیز، وزیراعظم کی ایکویٹی فنڈز سے متعلق روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ انتہائی اہم ہے، حکومت سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، ایکویٹی فنڈز اور نجی شعبے کے کردار پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ پبلک اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ مرتب کرنے کا بھی حکم دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں معاشی ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے نجی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button