لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ترقی، خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر اپنا فیصلہ سنایا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہا ہے، جبکہ خواتین ووٹرز نے بھی بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لے کر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقیاتی اقدامات ہیں، اسی وجہ سے عوام نے انتشار اور الزام تراشی کی سیاست کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں سے دیگر علاقوں کے لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال اقتدار میں رہنے کے باوجود وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو مطمئن نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ صرف اشتہارات کے ذریعے کارکردگی ثابت نہیں کی جا سکتی۔
عظمیٰ بخاری نے مخالف جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر کہا کہ اگر کوئی شکایت تھی تو اسے الیکشن کمیشن میں لے جایا جاتا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف میڈیا پر الزامات لگانے سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔




