نئی دہلی/ریاض:سال 2025 کے دوران دنیا بھر سے 24 ہزار 600 سے زائد بھارتی شہری کو ملک بدر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اعداد و شمار بھارت کی وزارتِ خارجہ نے راجیہ سبھا میں پیش کیے، اور گزشتہ پانچ سالوں میں یہ سب سے زیادہ ڈی پورٹیشنز قرار دی گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سب سے زیادہ ڈی پورٹیشن کے کیسز میں سرفہرست رہا۔ ریاض سے 7 ہزار 19 اور جدہ سے 3 ہزار 865 بھارتی شہری واپس بھیجے گئے، جس کے بعد سعودی عرب سے کل تعداد 10 ہزار 884 رہی۔
اسی دوران امریکہ نے 2025 میں 3 ہزار 812 بھارتی شہری کو ملک بدر کیا، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 1 ہزار 469 بھارتی شہری ڈی پورٹ ہوئے۔ وزارتِ خارجہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی پورٹیشن کی بڑی وجوہات میں ویزا کی مدت سے زائد قیام، ورک پرمٹ کے بغیر کام کرنا، اور مقامی لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک اور مغربی ریاستوں میں امیگریشن قوانین پر سختی کے باعث ڈی پورٹیشن کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو بیرونِ ملک کام کرنے والے شہریوں کو قوانین اور ویزا شرائط سے متعلق بہتر رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ برسوں میں ایسے مسائل کو کم کیا جا سکے۔




