راولپنڈی،فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال عوامی اور تجارتی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ راولپنڈی اور فیصل آباد کی بڑی تاجر تنظیموں اور ٹرانسپورٹ یونینز نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے دکانیں کھلی رکھنے اور گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ کیا۔
راولپنڈی کے دل راجہ بازار سمیت کمرشل مارکیٹ اور صدر میں تمام کاروباری مراکز کھلے رہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں کی صورتحال کچھ یوں رہی، جے پی روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
مری روڈ پر کسی بھی غیر قانونی اجتماع کو روکنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی ہڑتال کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا۔ مقامی تاجر تنظیموں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ معاشی پہیہ روکنے کے حق میں نہیں ہیں۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں خریداروں کی چہل پہل نظر آئی اور تجارتی سرگرمیاں پوری آب و تاب سے جاری رہیں۔
ٹرانسپورٹ یونینز کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگائی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں پہیہ جام ہڑتال ان کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ جڑواں شہروں اور فیصل آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا۔




