گوادر : آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام ملک گیر ونٹر انٹرن شپ پروگرام نے بلوچستان کے نوجوانوں میں نیا ولولہ پیدا کر دیا ہے۔ گوادر سے تعلق رکھنے والے طلباء نے ساحلِ سمندر پر وطن کے محافظوں کی عملی زندگی اور دفاعی نظام کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
طلباء نے پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ لی۔ طلباء کو میرینز کی تربیت کے طریقہ کار اور جدید جنگی آلات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے افسران نے طلباء کے ساتھ فکری نشستیں منعقد کیں، جس میں نوجوانوں کی قومی ذمہ داریوں اور کیریئر کونسلنگ پر توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ مطالعاتی دورے ہمارے لیے سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ براہِ راست سیشنز کے ذریعے ہمیں اپنے اداروں کے کام کرنے کے طریقے کو سمجھنے میں بہت مدد ملی ہے۔




