راولپنڈی/باجوڑ: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ شدید مزاحمت اور مایوسی کا شکار ہو کر حملہ آوروں نے بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ زوردار دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا، جس کے باعث وطن کے 11 بہادر سپوت شہید ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 خوارج کو واصلِ جہنم کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانا چاہتے تھے جسے فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ناکام بنا دیا۔ علاقے میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔




