لندن : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات اور مبینہ ‘ڈیل’ کے حوالے سے گردش کرتی تمام خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، لیکن اسے کسی ‘رعایت’ کا نام دینا غلط ہے۔
عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پر آنکھ کی تکلیف کو لے کر جو واویلا کیا گیا، وہ محض سنسنی پھیلانے کی کوشش تھی۔ وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ بانی پی ٹی آئی کو جو بھی طبی شکایت تھی، اسے دور کر دیا گیا ہے اور اب ان کی صحت بالکل بہتر ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود کسی بھی قیدی کو طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا "ہماری ذمہ داری تھی کہ انہیں ضروری ہیلتھ کیئر فراہم کی جائے، جو کہ مکمل طور پر فراہم کی گئی ہے۔ اب اس انسانی معاملے کو سیاسی رنگ دینا بند ہونا چاہیے۔
عطا تارڑ نے ڈیل کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی دباؤ میں ہے اور نہ ہی کسی کو ‘ڈھیل’ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون اپنا راستہ خود بنا رہا ہے اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ قیدی کی صحت پر سیاست چمکانے کے بجائے حقائق کا سامنا کرے۔




