ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈین بلے بازوں نے زمبابوے کے بولرز کو گیند تلاش کرنے پر لگا دیا اور مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز کا ایسا مجموعہ اکٹھا کیا جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بن گیا ہے۔
آج کا دن شیمرون ہیٹ مائر کے نام رہا، جنہوں نے کرس گیل کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ہیٹ مائر نے صرف 19 گیندوں پر ففٹی جڑ کر ویسٹ انڈیز کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے اپنی 85 رنز کی اننگز میں 7 فلک بوس چھکے لگا کر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو مسحور کر دیا۔
255 رنز کا ہدف زمبابوے کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ پہلے ہی اوور سے مطلوبہ رن ریٹ کے بوجھ تلے دبی زمبابوین ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم ویسٹ انڈیز کے مجموعے سے 107 رنز پیچھے رہ گئی۔ ویسٹ انڈین پاور ہٹرز کے سامنے موزاربانی اور ناگا وارا کی دو دو وکٹیں بھی بے سود ثابت ہوئیں۔
ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے 260 رنز کے عالمی ریکارڈ کو خطرے میں ڈال دیا تھا، تاہم وہ صرف 6 رنز کی دوری پر رہ گئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیمی فائنل کی دوڑ میں دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔




