منیلا: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گرد گروپ مسلسل حملے کر رہے ہیں اور بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، سلامتی اور تعاون کے فروغ کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں مستقل امن کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔




