لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور توانائی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کل 28 مارچ کو صوبہ بھر میں "ارتھ آور” منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو اس خصوصی مہم کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپ دی ہے تاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں اس مہم کو منظم طریقے سے کامیاب بنایا جا سکے۔ تمام سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں پر کل رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے تک غیر ضروری روشنیاں بند رکھی جائیں گی۔
مریم نواز شریف نے عوام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے لیے بجلی کا استعمال محدود کر کے اس عالمی تحریک کا حصہ بنیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہماری آج کی تھوڑی سی بچت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صاف ستھرے ماحول کی ضامن بنے گی۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں میں توانائی کے ضیاع کو روکنے اور "کلین اینڈ گرین پنجاب” کا وژن عام کرنا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کاوش ناگزیر ہے۔ ارتھ آور محض علامتی نہیں بلکہ توانائی کے شعوری استعمال کی ایک بڑی تحریک ہے۔حکومتِ پنجاب کی اس پہل کو ماحولیاتی ماہرین نے وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے توانائی کے بحران پر قابو پانے کی سمت میں ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔




